کراچی: (دنیا نیوز) فیملی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی دعا بھٹو کا اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کیخلاف خلع کا دعویٰ واپس لینے پر خارج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیملی کورٹ ملیر میں دعا بھٹو کے حلیم عادل شیخ کیخلاف خلع کے دعوی کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت دعا بھٹو نے موقف اپنایا کہ میں نے رہائش ڈسٹرکٹ ملیر سے اولڈ کراچی منتقل کر دی ہے۔ لہذا درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے خلع کا دعویٰ واپس لینے پر خارج کردیا۔
یاد رہے کہ دعا بھٹو نے 25 اکتوبر کو فیملی کورٹ میں خلع کا دعوی دائر کیا تھا۔ جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ حلیم عادل شیخ کا میرے ساتھ ناروا سلوک ہے۔ 2018 میں حلیم عادل شیخ سے شادی ہوئی تھی۔ نکاح نامہ حلیم عادل شیخ کے پاس ہے جو آج تک مجھے نہیں فراہم کیا گیا۔ 10 ستمبر 2019 کو ہمارے ہاں بیٹا کامل حلیم پیدا ہوا تھا۔