لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے ڈومینیکن ریپبلک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر نے کا اعلان کر دیا۔
اس سلسلہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم، اور ڈومینیکن ریپبلک کے مستقل نمائندے جوز بلینکو نے مستقل مشن میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔
منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان آج یہاں اقوام متحدہ میں دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان کر رہا ہے۔
سفیر منیر اکرم نے تاریخی کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں مستقل نمائندوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سفارتی تعلقات کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیاحتی تعاون سمیت مختلف شعبوں اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات اور قریبی تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے تعاون کے موجودہ شعبوں کو متنوع بنا کر ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا۔ سفارتی تعلقات کا قیام دونوں ممالک کو پائیدار ترقی کے اہداف اور اقوام متحدہ کے عالمی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے ایجنڈے کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔ دونوں ممالک گروپ 77 اور چین کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔ ڈومینیکن ریپبلک 1844 میں آزاد ہوا اور کیریبین میں دوسرا سب سے بڑا اور متنوع ممالک میں سے ایک اور اقوام متحدہ کا بانی رکن ہے۔