26 نومبر کو آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ ہونا ہے: شاہد خاقان عباسی

Published On 22 November,2022 04:44 pm

جہلم : (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کا واحد مقصد آرمی چیف کی سلیکشن پر اثراندازہونا ہے، 26 نومبر کو سپہ سالار کی تعیناتی کا فیصلہ ہونا ہے، وزیراعظم سمری میں سے کسی ایک کوتعینات کریں گے۔

جہلم میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے کہا کہ اگلے الیکشن میں فتح ن لیگ کی ہو گی۔ 2018ء کے الیکشن چوری کیے گئے، آج کے حالات کی وجہ چوری الیکشن ہے، ہم نے محنت سے نواز شریف کو کامیاب بنانا ہے، 2023ء میں پورا یقین ہے ہمیں تاریخی کامیابی ملے گی، کوئی شبہ نہیں آج مشکل حالات ہیں، مسلم لیگ ن نے مشکل فیصلے کیے، جب ایک نظام خراب ہو جائے تو اسے ٹھیک کرنے میں وقت لگتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے عوام تکلیف میں ہے، مسلم لیگ واحد جماعت ہے جو حالات کو بہتر کر سکتی ہے، بات صرف سیاست یا سیٹوں کی نہیں ہے، ہمیں دیکھنا ہے ملک کے حالات کس طرف جا رہے ہیں، عمران خان نے 6 ماہ میں گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں کیا، لیڈر ملک کو انتشارسے بچاتے ہیں،ایک دوسرے کو گالیاں نہیں دیتے، آج ملک کواتفاق کی ضرورت ہے، جس گھرمیں جھگڑا ہو وہ نہیں چل سکتا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کا واحد مقصد آرمی چیف کی سلیکشن پراثراندازہونا ہے، 26 نومبر کو سپہ سالار کی تعیناتی کا فیصلہ ہونا ہے، یہ تعیناتی کا حق صرف وزیراعظم کے پاس ہے، وزیراعظم سمری میں سے کسی ایک کو تعینات کریں گے۔ مسلح افواج کے چیف کی سلیکشن متنازع ہو گی تو فائدہ دشمنوں کو ہو گا، کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن پرسیاست نہیں کی جاسکتی، عمران خان اس معاملے پربھی اثراندازہونا چاہتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے روس، امریکا، چین سمیت سب سے تعلقات بگاڑے، امریکا کی سازش سے لیکرعمران خان کی ہربات جھوٹی ثابت ہوئی۔