اسلام آباد:اسلحہ نمائش کی پابندی میں 2 ماہ کی توسیع

Published On 25 November,2022 05:55 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں اسلحہ کے نمائش کرنے پر پابندی میں 2 ماہ کی توسیع کا اعلان کر دیا۔

خیال رہے کہ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب پاکستان تحریک انصاف 26 نومبر بروز ہفتے کو راولپنڈی میں بڑا پاور شو کرنے جا رہی ہے۔ اسی دوران وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ لانگ مارچ کے دوران ممکنہ طور پر حملے کا خدشہ ہے۔

رانا ثنا اللہ سمیت دیگر حکام کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے علی امین گنڈا پور سمیت دیگر لوگ آتشیں اسلحے کے ساتھ اسلام آباد آ رہے ہیں۔ جن کی تردید پی ٹی آءی رہنماؤں نے واضح طور پر کر دی ہے۔

دوسری طرف آتشیں اسلحے کی اطلاعات کے بعد وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے آتشیں اسلحہ رکھنے یا ان کی نمائش پر 2 ماہ کی مزید پابندی لگا دی ہے۔ یہ پابندی پہلے ہی نافذ تھی تاہم اس میں اضافہ کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیصلے کا مقصد امن و امان کویقینی بنانا ، انسانی جان کو محفوظ رکھنا شہریوں کو خوف و ہراس سے بچانا ہے۔
 

Advertisement