آصف زرداری نے تحریک انصاف کے خلاف ہم سے مدد مانگی تھی: سراج الحق

Published On 04 December,2022 07:49 pm

تاندلیانوالہ: ( دنیا نیوز ) جماعت اسلامی (جے آئی) کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے تحریک انصاف کے خلاف ہم سے مدد مانگی تھی، کرپٹ نظام کا حصہ نہیں بن سکتے، اس لیے ساتھ دینے سے انکار کردیا۔

تاندلیانوالہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو کرپشن کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیں گے، تمام جماعتیں دھوکہ باز ہیں، کبھی روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر دھوکہ دیا گیا تو کسی نے تبدیلی کی نام پرعوام کو گمراہ کیا، تمام لوگ بے نقاب ہوچکے ہیں، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، تمام جماعتیں ایکسپوز ہوگئی ہیں، تمام جماعتوں نے پاکستان کے نظریے کے ساتھ بے وفائی کی ہے، یہ بڑے بڑے سیاستدان امریکہ کے آگے جھکنے والے ہیں، ڈاکٹر عافیہ کو ہم امریکہ سے لائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ایک بار بھی کشمیر بارے مودی سے بات نہیں کر سکی، انشاء اللہ جماعت اسلامی کشمیر کو آزاد کرائے گی، پاکستان کا ہر شخص 2 لاکھ 70 ہزار کا قرض دار ہے، پاکستان میں ہر سال 5 ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے، پاکستان کو کرپشن فری صرف جماعت اسلامی ہی کر سکتی ہے، پاکستان میں 80 ملین ایکڑ زمین ہے، 22 لاکھ ایکٹر زیر کاشت ہے، پاکستان کے سیاستدان زراعت کو ترقی نہیں دے سکے، پاکستان کی بنجر زمین غریبوں میں تقسیم کرینگے، گنے کاشتکار آج پریشان حال ہے، میرے پاس، زرداری، شہباز شریف آئے، ہمارا ساتھ دیں تاکہ پی ٹی آئی کا خاتمہ ہو۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں نے کہا میں کرپٹ نظام کا حصہ نہیں بن سکتا، تمام پارٹیوں کے لیڈر لوٹ مار میں شامل ہیں، پنجاب کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں، آپ کے لیے اللہ نے غلامی نہیں لکھی، سیلاب، کورونا، زلزلہ میں خدمت کرنے والی جماعت اسلامی اسلامی ہے، اللہ نے موقع دیا، نوجوانوں کو روزگار دینگے، نوکری نہ دے سکے تو بے روز گاری الاؤنس دینگے، بزرگوں کو بڑھاپا الاؤنس دینگے۔
 

Advertisement