عمران خان پر اعتماد نہیں، غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں: رانا تنویر

Published On 04 December,2022 09:44 pm

شیخوپورہ: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان سے غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں مگر بات چیت پی ڈی ایم کرے گی، عمران خان سنجیدہ لیڈر نہیں، بات بات پر یوٹرن لینا اسکا وطیرہ ہے، اس پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، اسکی قومی و ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستان آرمی ہمارا قابل اعتماد ادارہ ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ سنیئر ترین جرنیل کو آرمی چیف مقرر کیا گیا جو کہ ہماری حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

اپنی رہائش گاہ پر ارکان پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول، میاں عبدالرؤف، افتخار بھنگو، سابق ارکان اسمبلی رانا افضال حسین ،حسان ریاض، عارف خان سندھیلہ، ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی چوہدری یاسر گجر، چوہدری محمود گورایہ کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس منعقد کروائیں اور سارے فیصلے اتفاق رائے سے کریں، موجودہ حالات میں ملک نئے انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کی اسمبلیاں توڑنے کی خواہش ہے تو وہ پوری کرلیں ان صوبوں میں الیکشن ہو جائیں گے مگر ہم کسی بلیک میلنگ میں ہرگز نہیں آئینگے، تمام فیصلے آئین وقانون کے مطابق ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 4 سالہ دورِ حکومت میں انہوں نے تعلیم کے شعبہ کو ترجیح نہیں دی جس سے طلباء کا ناتلافی تعلیمی نقصان ہوا مگر موجودہ حکومت تعلیمی میدان میں کامیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
 

Advertisement