خصوصی افراد کو روزمرہ سرگرمیاں انجام دینے کے قابل بنایا جانا چاہیے، صدر

Published On 05 December,2022 10:59 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ان کی ضروریات اور معذوریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے ملازمتیں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ خصوصی افراد کو اپنی روزمرہ کی سرگرمیاں انجام دینے کے قابل بنایا جانا چاہیے اور معاشرتی شمولیت کی راہ میں حائل سماجی، اقتصادی اور ڈھانچہ جاتی رکاوٹوں کو دور کر کے انہیں برابر کے کارآمد شہری بننے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

گورنر ہاؤس کراچی میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، کیٹی، سائٹ اور کورنگی ایسوسی ایشنز جیسی کاروباری تنظیموں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر نے خصوصی افراد کے حقوق اور ان کے تئیں مختلف سٹیک ہولڈرز بالخصوص کاروباری برادری کی ذمہ داری کے بارے میں معاشرے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سماجی و اقتصادی سرگرمیوں کے مرکزی دھارے میں پسماندہ کمیونٹیز بالخصوص معذور افراد کی شمولیت کو یقینی بنا کر پاکستان کے معاشرے کو جامع بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حل خاص طور پر کاروباری مراکز، صنعتی علاقوں، مالیاتی مراکز، بینکوں، تجارتی علاقوں اور بازاروں میں وہیل چیئر فرینڈلی ریمپ بنا کر ان کی نقل و حرکت میں آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دیں۔

انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ خصوصی افراد کے لیے ملازمت کے 5 فیصد کوٹہ پر عمل درآمد اور کام کی جگہوں پر ان کے لیے دوستانہ اور سازگار ماحول یقینی بنایا جائے۔

عارف علوی نے معاشرے میں خصوصی افراد کی زندگی کے ہر شعبے میں شمولیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ باعزت سلوک کرنے اور ہمدردی سے پیش آنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اس نیک مقصد میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو ہنر اور ضروری تربیت فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ خود کفیل اور مالی طور پر خود مختار بن سکیں، خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور شرکاء کو خصوصی افراد کے حقوق اور سہولتوں کے حوالے سے آگاہی مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔
 

Advertisement