لاہور: ( ویب ڈیسک ) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے جلد مزید معاشی تعاون کی توقع ہے، تاہم سعودی عرب سمجھتا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائے گئے تین ارب ڈالر کی ڈیپازٹ میں مزید تین ماہ کی توسیع کی ہے، تاہم پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے جلد مزید تعاون کی بھی توقع ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی بہت ضرورت ہے، ہم معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔
سعودی سفیر نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا تھا جسے ری شیڈول کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں یہ دورہ ہوگا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان آئیں گے، ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔