اسلام آباد: اتوار بازار میں آتشزدگی، 150 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ، رانا ثنا کا نوٹس

Published On 07 December,2022 06:44 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پشاور موڑ پر اتوار بازار میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے 150 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے اتوار بازار میں آگ لگنے کے باعث 150 دکانیں جل گئیں، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی 8 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔

  ذرائع کے مطابق آگ بے قابو ہونے کی وجہ سے راولپنڈی فائر فائٹرز کو بھی طلب کرلیا گیا تھا جبکہ آتشزدگی کے واقعے کا وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی نوٹس لے لیا ہے۔

پولیس نے اتوار بازار کی جانب آنے والے تمام راستوں کو سیل کردیا ہے۔ 

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد سے آگ لگنے کے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق اتوار بازار میں ٹوٹل 2700 دکانیں ہیں، پٹرول اور جنریٹر ہونے کی وجہ سے وقفے وقفے سے دھماکے ہوئے۔

اسلام آباد کے وسط میں واقع اتوار بازار میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، آگ پر قابو پانے میں امدادی کارروائیوں میں پاک فضائیہ کے اہلکار پیش پیش رہے، پاک فضائیہ کی 2 فائر فائٹر گاڑیوں نے آگ بجھانے میں سول انتظامیہ کی مدد کی۔