انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع نہ کرانے پر عمران خان کو الیکشن کمیشن کا نوٹس

Published On 07 December,2022 09:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر ایک اور کیس میں نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں اخراجات کی تفصیل جمع نہ کرانے پر نوٹس جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق ضمنی انتخابات میں عمران خان نے 6 حلقوں سے تاحال انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع نہیں کرائی جس پر ان کے خلاف کیس 13 دسمبر کو مقرر کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے صرف چارسدہ سے بطور کامیاب امیدوار اخراجات کی تفصیل جمع کرائی ہے، چارسدہ سے بھی اخراجات کی تفصیل مقررہ وقت کے بعد جمع کرائی گئی، قانون کے مطابق انتخابات کے بعد تین دن میں اخراجات کی تفصیل جمع کرانی ہوتی ہے۔

واضح رہے انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع نہ کرانے پر عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں ہوسکے، اس حوالے سے ریٹرننگ افسران نے کیس بھی الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

الیکشن کمیشن کی کاز لسٹ کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن، عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق کیس اور پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کے حوالے سے اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت بھی 13 دسمبر کو ہی ہوگی۔