عوام بند کمروں کے فیصلے نہیں مانیں گے، فواد چودھری

Published On 07 December,2022 08:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ اداروں ، مقتدر حلقوں سے کہتا ہوں بند کمروں کے فیصلے عوام نہیں مانیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 1971 میں بھی ایسی حرکتیں کی گئی تھیں، اسٹیبلشمنٹ ہوش سے کام لے، زرداری،نوازشریف،فضل الرحمان کی سیاسی لاشوں کو مسلط نہ ہونے دے۔

فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈوبتی ہوئی معیشت کےخلاف اسلام آباد میں چاروں حکومتیں جاکراحتجاج کریں گی، نوازشریف نےضدی بچے کی طرح پہلےاسٹیبلشمنٹ کوکہا عمران کو پہلے ڈس کوالیفائی کرو، اگرعمران خان کوڈس کوالیفائی کرنے کی کوشش کی تومزید نفرتیں پیدا ہونگی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کروڑوں لوگوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں، عمران کوچوردروازوں سے باہرکیا گیا تو اداروں میں بے پناہ فاصلے پیدا ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں نئے انتخابات کے بغیراستحکام ناممکن ہے، عوام کے فیصلوں کومانا جائے،آج ایک وزیرکے حلف سے غلط تاثرپیدا ہوا ہے۔