شہداد کوٹ: (دنیا نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ قمبر نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
گزشتہ روز کوئٹہ سے تحویل میں لیکر سکھر منتقل کئے گئے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈ سول جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، عدالت نے پولیس کی درخواست پر اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
یاد رہے کہ تین روز قبل بلوچستان ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف صوبے بھر میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ اسی روز سندھ پولیس نے پی ٹی آئی سینیٹر کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔
دوسری جانب سینیٹر اعظم سواتی کی عدالت پیشی کے دوران عدالت کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اعظم سواتی پر جھوٹے مقدمات داخل کئے گئے ہیں،فوری رہا کیا جائے۔