کراچی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صرف دو اسمبلیاں ختم کرنے سے الیکشن نہیں ہوسکتے۔
کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) میں خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں جو بھی الیکشن ہوئے وہ فیئر نہیں تھے، اس وقت ہم 2018 میں ہونیوالے الیکشن کے نتائج بھگت رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات میں ابھی ایک سال کا وقت باقی ہے، وزیراعظم اگر حکومت توڑ دیں تو 90 دن میں انتخابات ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی موجودہ صورتحال میں ہمیں تشویش کا سامنا ہے، معیشت کی بحالی اولین ترجیح ہے، عسکری لیڈر شپ اور تمام جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، ہمیں آگے بڑھنے کے لئے ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشیوں سے نکلنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے اچھی خاصی وابستگی ہے، اپنی زندگی کے 8 سال کراچی میں گزارے۔