ملک کا نظام چلانے کیلئے نیب کا ادارہ ختم کرنا ہوگا: شاہد خاقان عباسی

Published On 25 November,2022 12:06 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کا نظام چلانے کیلئے نیب کا ادارہ ختم کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ جومرضی فیصلےکرے سرکاری افسراس پرعمل درآمد کیلئے تیار نہیں ہیں، اس ادارے کو فوری ختم کرنے کی ضرورت ہے اور احتساب کا نیا نظام بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین نے صرف سیاستدانوں کو دبانے کیلئے یہ کیسز بنائے، موجودہ چیئرمین حقائق عوام کے سامنے رکھیں، جاوید اقبال خود بھی احتساب عدالت میں پیش ہو کر اپنے اثاثے قوم کے سامنے رکھیں۔

اپنے بیان میں شاہد خاقان نے سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نےایک مہینہ پہلے سفر شروع کیا اور ابھی تک نہیں پہنچے، جس مقصد کیلئے وہ آئے تھے کہ آرمی چیف کی تقرری پر اثر انداز ہوں وہ توخوش اسلوبی سے طے ہوگیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آرمی چیف کے معاملےمیں میڈیا سرکس لگائی گئی اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی، عمران خان کو اکثر باتیں دیر سے سمجھ آتی ہیں عمران خان کو آئین پڑھ کر تعیناتی کا عمل سمجھ آگیا ہوگا۔
 

Advertisement