اسلام آباد( دنیا نیوز) وزیرخارجہ بلاول بھٹو کل سے 21 دسمبر تک امریکا کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ نے بلاول بھٹو کی امریکا میں مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو 15 اور 16 دسمبر کو نیویارک میں وزیر خارجہ جی 77 اور چین کی وزارتی کانفرنس کی میزبانی کریں گے، وزیر خارجہ یواین سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق وزیر خارجہ عالمی امن و سلامتی کے موضوع پر اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل مباحثے میں شرکت کریں گے، اس کے بعد بلاول بھٹو 19 دسمبر کو واشنگٹن جائیں گے، وزیر خارجہ امریکی کانگریسی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے دورہ امریکا میں حکومتی عہدیداروں اور پاکستانی امریکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔