اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار میں بیٹھے رہتے تو ملک تباہ ہو جاتا۔
سابق وزیر اعظم نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بحران عمران خان کی چار سال کی غفلت کی مہربانی ہے، معیشت کی بہتری میں وقت لگے گا، عمران خان نے گزشتہ آٹھ ماہ میں ایک بھی بات عوام کیلئے نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کا سب سے بڑا ستون جھوٹ ہے۔ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی کسی کو گالی نہیں دی، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک پر عوام کے مسائل حل کیے، رانا ثناءاللہ پر پندرہ کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ایک پیسے کا بھی کام نہیں ہوا بارہ کہو بائی پاس میگا پراجیکٹ مسلم لیگ ن کا تحفہ ہے، پاکستان انتہائی مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا ہمارے لیے بڑا آسان تھا عمران اقتدارپربیٹھا رہتا، ہم نے اپنے سیاسی مفاد کےبجائے ملک کے مفاد کوترجیح دی، عمران خان کوصرف اپنے جانے کا غم ہے، عمران خان کی دوبارہ اقتدارکی خواہش کبھی پوری نہیں ہونے دیں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران دورمیں اپوزیشن کےخلاف کیسزبنائے گئے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی مسائل کوحل کیا ہے، بلدیاتی الیکشن میں کارکنوں نے محنت کرنی ہے۔