اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں پیپلز پارٹی سے متعلق گلے شکوے کیے اور پارٹی تحفظات بارے آگاہ کیا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وسیم اختر بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے وزیر اعظم کو شکایت کی کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ہمارے فلیکسز اور بینرز اتارے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ پیپلز پارٹی نے وعدے ہم سے کئے تھے ان پر بھی تا حال عملدرآمد نہیں ہو رہا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر سندھ کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر سمیت دیگررہنماؤں نے ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔