مردان: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اپنے حقوق کیلئے قومی اسمبلی کے سامنے ٹینٹ لگا کر احتجاج کریں گے۔
مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے میں آنے والی حکومت ایک بار پھر پی ٹی آئی کی ہو گی۔ ترقیاتی کاموں کو سب سے زیادہ فنڈ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ملے ہیں، 189 بلین روپے وفاقی حکومت کی طرف صوبے کا بقایا ہے، اپنے حقوق کے لئے نیشنل اسمبلی کے سامنے ٹینٹ لگا کر احتجاج کریں گے۔
محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت خیبرپختونخوا کے وسائل پر قابض ہے، وفاق صوبے کا حق دے، ہم عوام کو لے کر وفاقی حکومت سے اپنا حق چھین لیں گے۔ عمران خان کے حکم کے مطابق کے پی اسمبلی ختم ہو گی، ہم واپس عوام کے درمیان ہوں گے۔ ایکس فاٹا کو فنڈز نہ ملنے کے بعد بدامنی بڑھے گی۔
وزیر اعلیٰ محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ 4 مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ ہیلتھ کارڈ ، کسان کارڈ اور ایجوکیشن کارڈ کے ذریعے عوام پر سرمایہ کاری اور صوبے کی فوڈ سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت گندم پر بھی سبسڈی دے رہی ہے۔
۔ انہوں نے باچا خان میڈیکل کالج کا افتتاح بھی کیا۔