اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ خبردار کرتا ہوں کہ عمران نیازی معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے، ملکی سلامتی کو کمزور کرنے کی ہر ایک مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔ سیاسی ایجنڈے میں ناکامی کے بعد عمران خان اب پارلیمانی نظام جمہوریت پرحملہ آور ہونے پر تلا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پارلیمانی نظام جمہوریت، قومی وصوبائی اسمبلیاں اور 1973 کا آئین ایک مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے۔ ہر اپوزیشن اقتدار اور اپنے سیاسی ایجنڈے کے حصول کیلئے یہ حربہ آزمائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا پارلیمانی جمہوری نظام پراعتماد کسی سے بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ عمران خان کی ہر مذموم سازش اور عمل کو جمہوری طریقے سے ناکام بنائیں گے۔