عمران خان نے توشہ خانہ تحائف قیمت ادا کر کے خریدے: فرخ حبیب

Published On 16 December,2022 02:46 am

لاہور : (دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف قانون کے مطابق قیمت ادا کر کے حاصل کیے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ کابینہ ڈویژن کی ایک آزادانہ کمیٹی بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف کی قیمتوں کا تعین کرتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیر اعظم تحائف قانون کے مطابق قیمت ادا کر کے حاصل کیے اور وہ ان کے اثاثوں میں ڈکلیئرڈ ہیں، عمران خان کو بطور کرکٹر جو پلاٹ تحفے میں ملے انھوں نے وہ بھی شوکت خانم ہسپتال کو عطیہ کر دیئے۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ نواز شریف اور زرداری توشہ خانہ سے مرسڈیز اور بی ایم ڈبلیو گھر لے کر گئے جبکہ یوسف رضا گیلانی نے توشہ خانہ سے ہار لے لیا تھا، نواز شریف کے دور میں توشہ خانہ کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کو خفیہ رکھا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پر اومنی گروپ ، سرے محل ، کوٹیکنا ، آبدوزوں کے کیسز موجود ہیں جبکہ شریف خاندان پر حدیبیہ پیپر ملز، رمضان شوگر ملز ، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور ٹی ٹی سکینڈل بن چکے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ سلیمان شہباز جو کک بیک سپیشلسٹ ہے وہ بھی عمران خان پر گھٹیا گفتگو کر رہا ہے، وزارتِ اطلاعات کو امپورٹڈ حکومت نے عوام کے ٹیکس کے پیسے کا دو ارب روپیہ عمران خان کے خلاف مہم چلانے کے لیے دیا ہے۔