خیرپور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے نئے صوبوں کے سوال پر جواب میں کہا کہ اللہ ہو اکبرآپ کے منہ میں خاک، سندھ کو توڑنے کی بات نہیں ہونی چاہئے۔
سندھ کے علاقے خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کیلئے سب کا اتفاق ہے، جنوبی پنجاب صوبے کی بات ہو رہی ہے، سندھ میں نہیں۔ اتحادی حکومت کی ترجیح معیشت کوبحران سےنکالنا ہے.
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے مزید کہا کہ اسمبلیاں توڑنے والا سوال اب کھس گیا ہے، اسمبلیاں توڑنے کیلئے وزیراعلیٰ کو اختیار ضرور ہوتا ہے لیکن اس کے پیچھے سوچ ہونی چاہیئے، کسی کو خوش کرنے کیلئے اسمبلی نہیں ٹوٹتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی وزیراعلیٰ اسمبلی توڑتا ہے تو وہ یا تو سمجھتا ہے کہ اس سے حکومت کا نظم و ضبط نہیں چلتا یا وہ سمجھتا ہے کہ وہ اسمبلی سنبھال نہیں سکتا اس لیے اسمبلی توڑنی پڑتی ہے۔