لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے پرویز الہٰی نے کہ کل اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس سیل کر دیں گے، 99 فیصد لوگ چاہتے ہیں کہ اسمبلی نہ توڑی جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے سے متعلق موقف غلط ہے، سبطین خان کا موقف آئین کے خلاف ہے، گورنر اسمبلی کا اجلاس بلا سکتا ہے، 4 بجے اجلاس نہ ہوا تو گورنر پنجاب وزیراعلیٰ ہاؤس سیل کردیں گے، اجلاس نہ بھی ہو تو وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پرویز الہٰی خود کہتے ہیں اسمبلیاں توڑنے کے حق میں نہیں، ایک پاگل آدمی پی ٹی آئی اور پنجاب کو حادثے سے دوچار کر رہا ہے، پاگل انسان کا ادراک کیا جانا چاہیے، قوم اور اداروں میں اتفاق ہے، پاگل آدمی کو روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پرویزالہٰی کواعتماد کا ووٹ لینا چاہیے، اگر پرویز الہٰی کہتے ہیں اسمبلیاں نہیں ٹوٹنی چاہئیں تو پھر کیوں توڑ رہے ہیں، تمام اتحادی جماعتیں مکمل رابطے میں ہیں، پرویزالہٰی اعتماد کاووٹ نہیں لیتے تو گورنر کل نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا اعلان کر سکتے ہیں۔