سیٹ ایڈجسٹمنٹ: پی ٹی آئی، ق لیگ میں پہلا راؤنڈ مکمل، دوسرا کل ہوگا، فواد چودھری

Published On 20 December,2022 11:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور مسلم لیگ ق کے درمیان پہلا راؤنڈ مکمل ہو گیا، دوسرا راؤنڈ کل ہو گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں میں مکمل اتحاد اور یگانگت پائی گئی ہے، کل سے حلقوں کی فہرست پر بات چیت ہو گی، اس سلسلے میں بات چیت کا دوسرا راؤنڈ کل ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ ق کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سلسلہ میں مشترکہ اجلاس چودھری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور فواد چودھری شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگ ق کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی، حسین الٰہی اور محمد خان بھٹی نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر بات چیت ہوئی، تاہم اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں ہوا تھا۔
 پہلے اعتماد کا ووٹ، یا تحریک عدم اعتماد، فیصلہ سپیکر پنجاب اسمبلی کرینگے، فواد چودھری

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا تھا کہ پہلے اعتماد کا ووٹ لینا ہے یا تحریک عدم اعتماد، اس کا فیصلہ سپیکر پنجاب اسمبلی کریں گے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کی سمری بھیجی جائے گی، اسمبلی کےجاری اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کا نہیں کہا جا سکتا، یہ قانونی معاملے ہیں اس پرسپیکراپنی رولنگ دیں گے۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ سپیکر،ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد آئی ہے، چیئرمین پینل اجلاس کو پریزائیڈ کریں گے، پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے، پنجاب اسمبلی کے سپیکر جیسا کہیں گے ہم ویسا کریں گے۔

رانا ثنا کی دھمکی سےمتعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کوئی فیصل آباد کا پلاٹ نہیں جس پر رانا ثنا اللہ قبضہ کر لے گا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مراد سعید نے 6 ماہ پہلے ہی بتایا تھا کہ حالات خراب ہو رہے ہیں، وفاقی حکومت نےتوجہ نہیں دی، دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادتیں ہو رہی ہیں، حکمرانوں کو کوئی مسئلہ نہیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ان تمام حالات کے باوجود آپ الیکشن روکنے میں لگے ہوئے ہیں، سپیکرقومی اسمبلی ہمارے استعفے منظورکریں۔
 

Advertisement