اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان میں ہمت ہے تو جمعہ کے دن خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کریں، ہم خیر مقدم کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان میں سیاسی انتشار چاہتے ہیں، ان کی سازش ناکام ہو گی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی میزبانی میں کانفرنس ہو رہی ہے، ساری دنیا پاکستان کی مدد کرنے جا رہی ہے عمران خان انتشار چاہتے ہیں، اس سے قبل چینی صدر کےدورے کے موقع پر انتشار پھیلایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اکتوبر 2023 میں انتخابات ہوں گے، عمران خان اپنی ذات کے گرد ہر بحران پیدا کرتے ہیں، پنجاب کی اسمبلی تحلیل کرنا ممکن نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد اور گورنر نے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میں ہمت ہے اور وہ سنجیدہ ہیں تو جمعے کے دن خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کریں، ہم خیبرپختونخوا میں اسمبلی تحلیل کو ویلکم کریں گے۔