راولپنڈی : ( دنیا نیوز ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشتگرد مارے گئے ہیں جبکہ 7 دہشتگردوں نے سرنڈر کردیا، آپریشن کے دوران 3 افسران سمیت 10 جوان زخمی جبکہ سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار شہید ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر باہر سے حملہ نہیں کیا گیا بلکہ 18 دسمبر کو سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر تفتیش 35 دہشتگرد موجود تھے جن میں سے ایک دہشتگرد نے سی ٹی ڈی اہلکار کو قابو کر کے اس کا اسلحہ چھین لیا، سی ٹی ڈی کی تحویل میں موجود دہشتگروں نے ہی یہ صورتحال پیدا کی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فورسز کا ایک اہلکار تفتیش کیلئے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں موجود تھا، دہشتگرد افغانستان جانے کیلئے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے ،انکے مطالبات کو رد کر دیئے گئے جس کے بعد دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
میجر جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹوں کے تک کوشش کی گئی کہ دہشتگرد سرنڈر کردیں، دہشتگرد ہتھیار ڈالنے کیلئے تیار نہیں تھے، منگل کی صبح فوج نے آپریشن کیا، فائرنگ کی آواز سنتے ہی فورسز پہنچیں اور کمپاؤنڈ کا گھیراؤ کر لیا، فائرنگ کے دوران 25 دہشتگرد مارے گئے ہیں جبکہ 7 دہشتگردوں نے سرنڈر کردیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن پاک فوج کی بہادری اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، ملک میں کسی دہشتگرد گروپ کو فعال نہیں ہونے دیں گے، شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں، مغرب کی طرف سے دہشتگردی کی ہوا کو برداشت نہیں کیا جائے گا، دہشتگردی کے خلاف کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف حکومت اور افواج پاکستان سنجیدہ ہیں اور اپنی اپنی سطح پر اقدامات اٹھا رہے ہیں، انٹیلی جنس معلومات کی بنیادوں پر آپریشن کئے جارہے ہیں، کالعدم جماعت پر حکومت اپنی پالیسی واضح کر چکی ، دہشتگردی کی ہر لہر کو کچلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، کسی بھی جتھے کو پاکستان کا امن خراب نہیں کرنے دیا جائے گا۔