لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ گورنر جب چاہیں وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی جو مرضی کر لے آئین سے مزاحمت نہیں کر سکتی، بلیغ الرحمان گورنر راج کے نفاذ کیلئے وزیراعظم کو درخواست بھی کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ ان کے پاس نمبر پورے نہیں ہیں اگر ہیں تو اعتماد کا ووٹ لے لیں، حمزہ شہباز ہی وزیر اعلیٰ کے متفقہ امید وار ہیں، میرے علم میں نہیں کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی سے کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ خان نے کہا اگر گورنر راج لگ گیا تو اس کا وقت 6 مہینے تک ہو گا، عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، عمران خان اور اس کے ورکرز گمراہی کی آخری حد کو پہنچے ہوئے ہیں، ایک مہینے سے اسمبلیاں توڑنے کا رونا رو رہے ہیں، اس صورت حال میں گورنر کا حق ہے کہ وہ اپنا اختیار استعمال کریں، عمران خان کا بنیادی ایجنڈا ہی یہی ہے کہ ملک کو دیوالیہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سوائے عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، سیاست دان اور قوم یہی چاہتی ہے کہ ملک میں استحکام ہو،عدالت سے عمران خان کو کوئی ریلیف نہیں ملنے والا، ووٹ آف کانفیڈنس لینے کے علاوہ ان کے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔