لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں چودھری پرویزالہٰی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا گیا۔
ممبر پنجاب اسمبلی ساجد بھٹی کی زیر صدارت مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہم عمران خان کے ساتھ دل و جان سے ہیں اور ساتھ دیتے رہیں گے۔
پارلیمانی پارٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق کے تمام پارٹی ارکان تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی صورت میں وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کو ووٹ دیں گے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی قیادت میں مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی متحد اور یکجان ہے۔ ارکان پارلیمانی پارٹی سیسہ پلائی دیوار کی طرح وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی ہمارے لیڈر ہیں۔
اس موقع پر ق لیگ کے پارلیمانی لیڈر ساجد بھٹی نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم پوری پارلیمانی، سیاسی اورعوامی قوت کے ساتھ چودھری پرویزالہٰی کے شانہ بشانہ ہے، اختلافات کا پراپیگنڈہ کرنے والوں کے مزموم عزائم ناکام ہوں گے۔
اجلاس کے دوران چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم متحد ہے اور متحد رہے گی، افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔
مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ایم پی اے ساجد بھٹی، حافظ عمار یاسر، شجاعت نواز، محمد عبداللہ وڑائچ، محمد رضوان، احسان الحق، محمد افضل، خدیجہ عمر اور باسمہ چودھری نے شرکت کی جبکہ ممبر قومی اسمبلی حسین الہٰی بھی اجلاس میں موجود تھے۔