پرویز الٰہی آئینی اور قانونی طور پر وزیر اعلیٰ نہیں رہے : عطااللہ تارڑ

Published On 22 December,2022 01:30 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی آئینی اور قانونی طور پر وزیر اعلیٰ نہیں رہے، اب یہ گورنر کی صوابدید ہے کہ انہیں کب ڈی نوٹیفائی کرتے ہیں، امید ہے کہ جلد ہی گورنر انہیں ڈی نوٹیفائی کردیں گے۔

گورنر ہاؤس لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے کوئی غیر آئینی کام نہیں کیا ، انہوں نے آئینی طور پر اعتماد کے ووٹ کہا اور اپنا آئینی اختیار استعمال کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب کیوں اعتماد کا ووٹ لینےسے بھاگ رہے ہیں ؟ ، گورنر کے کہنے پر وزیر اعلیٰ رواں سیشن میں اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، پرویز الٰہی کے پاس ارکان کی تعداد پوری نہیں، اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا گیا ہے تو سپیکر اس پر عمل کے پابند ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کوئی غیر قانونی قدم اٹھانے کو تیار ہیں نہ اٹھائیں گے، آئین کہتا ہے کہ وزیراعلیٰ مقرر کردہ وقت پر اعتماد کا ووٹ نہ لیں تو انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا جائے۔