واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ خریدتا ہے اور ہوٹل کا بل خود ادا کرتا ہے۔
اپنے بیرون ملک دوروں سے متعلق سوال پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں اپنے بیرون ملک دوروں کے اخراجات کا بوجھ قومی خزانے پر نہیں ڈالتا اور اگر ایسا کرتا بھی تو بطور وزیر خارجہ یہ میرا استحقاق ہے، میں وزیر داخلہ نہیں بلکہ وزیر خارجہ ہوں، میں پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ خریدتا ہے اور اپنے ہوٹل کا بل خود ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک دوروں کا فائدہ میری ذات کو نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کو ہوا ہے، باقی لوگ شائد چھٹی منانے بیرون ملک دوروں پر جاتے ہیں مگر میری محنت کی وجہ سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل گیا، میرے بیرون ملک دوروں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی فوائد حاصل ہوئے، پاکستان اس وقت جی 77 یعنی پوری دنیا کے ترقی پذیر ممالک کے اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کوپ 27 میں تباہی سے ازالے کو ایجنڈے میں شامل کروایا اور یہ پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کی ایک بڑی کامیابی ہے، آپ ہماری جی 77 اصلاحات کی دستاویز کو ملاحظہ کریں، دنیا کے تمام ترقی پذیر ممالک نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی فنانشل ادارے امیر ممالک کے بجائے غریب ممالک کو فائدہ دیں۔