اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو دوبارہ خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں آکر کردار ادا کرے، تحریک انصاف کے استعفوں کی تصدیق کے لئے تمام ممبران کو خطوط لکھے تھے، قواعد یہ کہتے ہیں آپ نے اپنے ہاتھ سے استعفیٰ لکھنا ہے، استعفے کی تصدیق کے لئے سپیکر کے سامنے پیش ہونا ہوتا ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہم اکھٹے آنا چاہتے ہیں، اکھٹے ہو کر آنا سپیکر کے اطمینان کے لیے کافی نہیں ہے، اکھٹے ہو کر آنے سے ایک دوسرے پر پریشر ہوگا، استعفوں کی تصدیق کے لئے اراکین کو پھر خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ استعفوں کی تصدیق کے لئے وقت دوں گا اور ہر رکن کو سننا بھی چاہوں گا، ارکان میرے پاس آئیں، مجھے تسلی دیں کہ وہ خود اپنی مرضی سے استعفیٰ دے رہے ہیں، مجھے تسلی دیں کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے، میرے پاس تحریک انصاف کے کئی ارکان آئے تھے کہ استعفے منظور نہ کریں۔