لاہور: (دنیا نیوز) جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اراکین نے سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کل 176 اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی، ایک خاتون رکن صوبائی اسمبلی اپنے بیٹے کی بیماری کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہو سکیں۔
اجلاس میں پارلیمانی پارٹی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، پارلیمانی پارٹی نے چیئرمین تحریک انصاف کے تمام فیصلے تسلیم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے پنجاب میں چودھری پرویز الہٰی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت محسوس ہوئی تو اراکین پرویز الہٰی کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔
اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہم نے اپنی پاور شو کر دی ہے اب ن لیگ کی پریشانی کی باری ہے، اراکین کا اپنے لیڈر پر اعتماد اس امر کا اظہار ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پارٹی متحد ہے۔