لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے چودھری پرویز الہٰی کی بحالی سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی سے متعلق عدالتی فیصلے میں سقم ہے، انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے، اسے چیلنج کرسکتے ہیں، اسمبلیاں بچوں کا کھلونا نہیں کہ جب دل چاہا توڑ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الہٰی کےپاس اکثریت نہیں، اسی لیے اسٹےآرڈر کے پیچھے چھپ رہے ہیں، انہیں اعتماد کا ووٹ لینا ہی پڑے گا، منتخب اداروں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، ہم ایک آئینی تبدیلی کے ذریعے عمران خان کی گورنمنٹ کو نکال کر وفاقی گورنمنٹ میں آئے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت بنائی، ہم اس وقت حکومت میں آئے جب ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،عمران خان کی گزشتہ پونے 4 سالہ پالیسیوں نے پاکستان کو بالکل ڈیفالٹ اور فالٹ کی لائنز پر لاکھڑا کر دیا تھا، عمران خان کی تمام خرابیوں اور گناہوں کا بوجھ ہم نے اٹھایا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی سیاست داؤ پر لگائی اور ریاست کا دفاع کیا، ہم نے شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو خطرناک صورتحال سے نکالا، پی ٹی آئی، عمران خان اور ان کے سہولت کاروں نے ہمیں کام نہیں کرنے دیا، یہ مسلسل ہمارے راستے میں کھایاں اور گڑھے کھود رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کا بازار گرم ہے، اسمبلیاں کسی بھی گھٹیا سیاست کی نذر نہیں کی جا سکتیں، سپریم کورٹ سے صوبے کی صورتحال پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہیں، وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنا گورنر کا آئینی حق ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا جو بھی صوبائی اسمبلی ٹوٹے گی، وہاں الیکشن ہوگا، وفاقی حکومت انتخابات کیلئےمکمل تیار ہے، عدالت پنجاب کو معاشی اور کرپشن کی تباہی سے بچائے، ان کو سٹے آرڈر کے اوپر اختیارات دینا پنجاب کے عوام کے ساتھ ظلم ہے، اسمبلیاں آئینی ادارے اور جمہوریت کی بنیاد ہیں، سپیکر کو کہا گیا آپ نے اجلاس نہیں بلانا ہمارے پاس اکثریت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کے پاس بندے پورے ہیں تو صبح اعتماد کا ووٹ لے لیں معاملہ ختم ہو جائے، چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہمارے 99 فیصد لوگ اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں، باپ اور بیٹے نے ایک پراجیکٹ میں اربوں کی دیہاڑی لگائی ہے، اب ایک ایک دن پنجاب کے خزانے پر بھاری ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چودھری شجاعت کا بھی کہنا ہے کہ اسمبلیوں کے ساتھ ایسا مذاق ٹھیک نہیں، اتحادی حکومت آئندہ بھی عوام کے حق میں اچھے فیصلے کرے گی، اعتماد کے ووٹ والے دن ثابت ہوگا کہ کتنے لوگ چودھری شجاعت کے زیر اثر ہیں، جس طرح سے لوگ چودھری شجاعت کے ساتھ رابطوں میں آرہے ہیں، ہم پر امید ہیں۔
لاہور :وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اہم پریس کانفرنس کر رہے ہیں https://t.co/vJgFVVww85
— PML(N) (@pmln_org) December 24, 2022