پی ٹی آئی کا استعفوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے، احتجاجی تحریک کا اعلان

Published On 29 December,2022 06:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے استعفوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے اور مہنگائی کے خلاف کل سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے لوگوں کو بجلی، گیس نہیں مل رہی، اسحاق ڈار کی کامیابی پاکستان کی ناکامی ہے۔

زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف پورے پاکستان میں مہنگائی، معیشت کی تباہی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرے گی، جب تک یہ حکومت نہیں جاتی احتجاج جاری رہے گا، کل سے ملک گیر احتجاج شروع ہوں گے، ایم این ایز، ایم پی ایز احتجاجی تحریکوں میں شریک ہوں گے، تین ہفتوں بعد عمران خان اس تحریک کو جوائن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے گیارہ جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ لے لیں، ہمارے تمام ایم پی ایز خود اسمبلی میں آئیں گے، 177 ممبران ہم سے رابطے میں ہیں، عمران خان کے الیکشن سے متعلق بیان کو مس رپورٹ کیا گیا، عمران خان نے یہ کہا ہے کہ یہ حکومت الیکشن نہیں کرانا چاہتی، الیکشن مارچ، اپریل میں ہی ہوں گے، اسحاق ڈار کے اثاثے بحال ہونا پاکستان قوم کی ناکامی ہے، جو کچھ ہو رہا ہے پاکستان کے لوگ شرمندہ ہیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے 127 ایم این ایز نے اسمبلی میں استعفے دیئے، 23 ایم این ایز نےاسمبلی میں کھڑے ہو کر استعفے دیئے، سپیکر نے 11 لوگوں کے استعفے منظور کیے کیا ان لوگوں سے تصدیق کیلئے رابطہ کیا تھا، گیارہ ایم این ایز کو تصدیق کیلئے نہیں بلایا گیا تھا، جاوید ہاشمی نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر استعفیٰ دیا تھا اس کو تسلیم کیا گیا تھا، تین نام میڈیا میں لیک کرائے گئے اس چینل کے خلاف سو کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا کوئی ایم این اے اس اسمبلی میں بیٹھنے کو تیار نہیں، جو 20 لوٹے پہلے تھے وہ اب اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے، ہم سپریم کورٹ استعفوں کے حوالے سے جا رہے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی حیلے بہانے کر کے استعفے منظور نہیں کر رہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کی باتوں کومسترد کرتے ہیں، مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، جو بھی ٹیکنوکریٹ حکومت کا خواب دیکھ رہے ہیں یہ نہیں چل سکتا۔

فواد چودھری نے کہا زرداری اینڈ کمپنی نے پاکستان کی اخلاقیات کو تباہ کیا، کسی ایم پی اے کو خریدا اور کسی کو بیرون ملک بھیجنے کا کہا جا رہا ہے، اس وقت کوئی بے غیرت ہی ہوگا جو ان کی آفر کو قبول کرے گا، تمام اراکین اپنی لیڈر شپ کے ساتھ مخلص رہیں گے، جن لوگوں نے تحریک انصاف کو پہلے چھوڑا تھا ان کی سیاست ہی ختم ہوگئی ہے، ہارس ٹریڈنگ کےکھیل کو ناکام بنائیں گے، عدم اعتماد کے بعد پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی طرف جائیں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں ہم میجورٹی پارٹی ہیں، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) کے 190 ممبران ہیں، حکومت بنانا اور تحلیل کرنے کا حق تحریک انصاف کو حاصل ہے، یہ پنجاب میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، گورنر پنجاب نے غیر آئینی اقدام اٹھایا، ان کو اس کی وضاحت دینی چاہیے، چیف سیکرٹری کو بھی اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کے خلاف 45 مقدمات درج کیےگئے، پیر والے دن اعظم سواتی کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں بڑا احتجاج ہوگا، اعظم سواتی کیس میں جس جج نے فیصلہ محفوظ کیا اس جج کو تبدیل کر دیا گیا، سپیکر پنجاب اسمبلی زرداری، ناصر شاہ، شرجیل میمن کے دورہ پنجاب کی تفصیلات شیئر کریں، یہ کیا معاملہ ہے جب بھی ایسا ہوتا ہے منڈی لگا لیتے ہیں، پی ڈی ایم والے الیکشن میں جانے کی ہمت کریں۔

فواد چودھری نے کہا کہ فوج کی لیڈر شپ کی تبدیلی کے معاملے پر نواز شریف ملک میں مارشل لا لگوانا چاہتے تھے، عمران خان کی وجہ سے ملک میں مارشل لا نہیں لگا، اسٹیبلشمنٹ سے کہوں گا ایسے آئیڈیاز بارے نہ سوچیں، پاکستان کے عوام کو لیبارٹری کا چوہا نہ سمجھا جائے، سیاسی نظام پاکستان کے عوام کا حق ہے، پاکستان کا آئین بحال کر کے انتخابات کی طرف بڑھا جائے۔
 

Advertisement