لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت سینئر قیادت اور سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو سینیٹ کی کارروائی پر بریف کیا گیا اور آئندہ آنے والے سیشنز کے حوالے سے بھی رہنمائی لی گئی ہے۔
زمان پارک میں ہونے والے اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفوں کی منظوری کی حکمت عملی اور میڈیا میں ہونے والی ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ کی بازگشت کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پرغور کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے اس کی تازہ مثال اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ہیں، الیکشن سے وہی سیاسی جماعت بھاگتی ہے جس کے پیچھے عوام کی سپورٹ نہ ہو۔