اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ضلع کرم میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اپنے الگ الگ تعزیتی بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سلام پیش کیا۔
وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی دعائیں اپنی افواج کے ساتھ ہیں، اس موقع پر انہوں نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل دینے کی دعا کی۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز اور قوم کی کوششیں جاری رہیں گی، صدر مملکت نے بھی لواحقین سے ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔