اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت ہونے والا اجلاس ختم ہو گیا، ممبران الیکشن کمیشن کو صبح انتخابات کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے ممبران اور دیگر حکام الیکشن کمیشن سے روانہ ہو گئے ہیں، اجلاس میں ممبران کو صبح انتخابات کروانے کے حوالے سے کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کیلئے انتظامات کرنے والے لوکل گورنمنٹ ونگ کے مطابق صبح انتخابات کے لئے لاجسٹک سپورٹ ہے نہ ہی عملہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے ہنگامی اجلاس میں موقف اپنایا گیا کہ اتنے کم وقت میں پولنگ نہیں کراسکتے، چودہ ہزار سے زائد عملہ ،سکول ٹیچرز اور دیگر ملازمین موسم سرما کی تعطیلات پر ہیں، مختصرنوٹس پر واپس بلانا ممکن نہیں۔رات گئے انتخابی سامان کی پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل بھی ناممکن ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی طرف سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جانی تھی لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ کی رجسٹری ڈائری برانچ بند ہوگئی جس وجہ سے عملہ گھروں کو روانہ ہو گیا۔