اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے 31 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق حکم کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل تیار کر لی۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون نے عدالتی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا آج کا آرڈر آئین اور قانون سے بظاہر متصادم ہے، اتنے مختصر وقت میں اس آرڈر پر عملدرآمد نہیں ہو سکتا، عدالت کو ایسا آرڈر جاری ہی نہیں کرنا چاہیے جس پر عملدرآمد نہ ہو سکے۔
ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ میری معلومات کے مطابق الیکشن کمیشن کا زیادہ تر عملہ بھی چھٹیوں پر ہے، سردی میں ساری رات بھی کوشش کریں تو صبح الیکشن کرانا مشکل ہے، اگر کل الیکشن نہیں ہوتا تو اس آرڈر کی اہمیت ویسے ہی ختم ہو جائے گی، انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کو انٹرا کورٹ اپیل میں چیلنج کریں گے۔
ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی حاصل کرنے کے بعد حکومت نے انٹرا کورٹ اپیل کی تیاری شروع کر دی ہے جبکہ قوی امکان ہے کہ آج ہی انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جائے گی۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اپنے دفتر میں موجود ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے اٹارنی جنرل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق مشاورت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر مء الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران، ڈی جی لاء اور متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا ہے، الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم بھی اس وقت ہائیکورٹ میں موجود ہے۔