پنجاب : مختلف ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق

Published On 04 January,2023 09:26 am

وہاڑی :(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر وہاڑی ، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں مختلف ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پنجاب کے شہر وہاڑی میں ملتان روڈ اڈا ٹھینگی پر مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں ایک مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال وہاڑی منتقل کر دیا گیا۔

ایک اور افسوس ناک حادثہ اوکاڑہ شہر میں قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں ٹریلر، منی مزدا ٹرک اور بس آپس میں ٹکرا گئے ، تصادم کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملنے پر اوکاڑہ ریسکیو 1122 کی 3ایمبولینسز اور ریسکیو وہیکل فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا۔

ایک اور حادثہ فیصل آباد میں جڑانوالہ ننکانہ روڈ پر پیش آیا جہاں کنٹینرز لے کر جانیوالی گاڑی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی ، حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار بہن بھائی شدید زخمی ہوگئے ۔

ریسکیو کی جانب سے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ۔

ریسکیو کے مطابق حادثہ دھند کے باعث پیش آیا ۔