اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لیں یا نہ لیں وہ دونوں صورتوں میں وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے، عمران خان کی جانب سے 9 جنوری کو اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان صرف خبر ہی رہے گی۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ شنید ہے کہ عمران خان نے جڑواں شہر کے مکین سے ملنے کی کوشش کی مگر وہاں سے نمبر بند یا مصروف ملا، اب خان صاحب کے لئے نہ کال آئے گی اور نہ پہاڑی کمک۔
عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے حملے کے حوالے سے ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ پنجاب حکومت کی فارنزک رپورٹ سے ثابت ہوا کہ خان صاحب کو ایک گولی بھی نہیں لگی، اس رپورٹ سے عمران خان کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا اور ان کا بیانیہ ایک بار پھر جھوٹا نکلا۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ قانون میں فواد چودھری کی پریس کانفرنس نہیں بلکہ پنجاب فارنزک لیب کی رپورٹ قابل قبول ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ان کی جان لینے کی کوشش کی گئی، تحقیقات سے ثابت ہوا کہ عمران خان پر تین حملہ آور قاتلانہ حملے کی کوشش میں شامل تھے۔