لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ترقی کرتی ہوئی معیشت کا پہیہ روک کر نا اہلوں کو ملک پر مسلط کر کے ظلم کیا گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ اقتدار کے نشے میں پی ڈی ایم کی حکومت کو عوام کی مشکلات دکھائی ہی نہیں دے رہی، امپورٹڈ حکومت مشکل فیصلے کرنے کا مینڈیٹ نہیں رکھتی، عوام کا اعتماد رکھنے والی حکومت ہی مشکل فیصلے کرسکتی ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ معاشی بد حالی نے امپورٹڈ سرکار کی نااہلی ثابت کر دی ہے، شریف اور زرداری خاندان نے ادارے مضبوط نہیں ہونے دیئے، ادارے مضبوط ہوتے تو یہ دونوں خاندان کبھی قومی وسائل نہ لوٹ سکتے، ذاتی مفادات کے لئے بننے والے حکمران اتحاد کا شیرازہ بکھرنے والا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 27 کلو میٹرپر مسلط 13 جماعتوں کا اتحاد اسلام آباد میں بھی الیکشن سے بھاگ رہا ہے، عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ چوروں کا ٹولہ عوام کا سامنا نہیں کرسکتا، انتخابات سے ہی سیاسی استحکام آئے گا اور بے یقینی کا خاتمہ ہوگا۔