لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے خیبر پختونخوا کے اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا کے اراکین قومی اسمبلی نے نامعلوم فون کالز پر پارٹی چھوڑنے کی دھمکی سے چیئرمین تحریک انصاف کو آگاہ کیا، اس موقع پر عمران خان نے اراکین کو خیبرپختونخوا میں 7 جنوری سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کی ہدایت کر دی جس کے تحت روزانہ 3 مختلف حلقوں میں احتجاج، ریلیاں اور جلسے منعقد کیے جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے میں دہشت گردی میں اضافہ انتہائی افسوس ناک ہے ہماری ساڑھے 3 سال کی محنت پر امپورٹیڈ حکومت نے پانی پھیر دیا، ملکی معیشت دن بدن خطرناک تباہی کی طرف جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے فوری عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، نالائق اور نااہل حکومت کی ناکامیوں نے پاکستان کی مشکلات بڑھا دی ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے ہر پاکستانی باہر نکلے اور احتجاج کرے۔