عمران سب سے بڑا لیڈر ہے، حلیم عادل: شرجیل بھتہ اپنے آقاؤں کو پہنچاتا ہے، عمران اسماعیل

Published On 06 January,2023 04:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ عمران خان سب سے بڑا لیڈر ہے جبکہ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن ریکوری ایجنٹ ہے جو ماہانہ بھتہ آقاؤں کو پہنچاتا ہے۔

قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم حیدرآباد میں مہنگائی کیخلاف ریلی نکال رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت کو پہلے 55 روپے کلو آٹے پر مہنگائی نظر آتی تھی، آج آٹا 155 روپے کلو ہے، یہ کہتے ہیں جو مہنگائی کیخلاف بات کرے گا اسے اٹھوا لیا جائے گا، میں ہر روز مہنگائی کیخلاف ٹوئٹ کروں گا، جس نے گرفتار کرنا ہے کر لے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا لیڈر بن کر سامنے آیا ہے، ہم سمجھتے ہیں ان غداروں نے ملک کو بہت پیچھے دھکیل دیا ہے، عمران خان نے اس قوم کے لئے اپنی جان داؤ پر لگا دی، سندھ کے ہر شہر میں جائیں گے اور ان نوسر بازوں کو بے نقاب کریں گے۔

قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ بلاول سوشل میڈیا پر سیلفی ڈالتا ہے، خود لاکھوں کا جوتا پہنتا ہے اور بچے ننگے پیر ہیں، کل جو تفصیل جے آئی ٹی کی آئی اس کا مطلب عمران خان ٹھیک بول رہے تھے۔

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ شرجیل میمن ایک ریکوری ایجنٹ ہے، ماہانہ بھتہ لے کر اپنے آقاؤں کو پہنچاتا ہے، رانا ثناء اللہ اور حواریوں کو چیلنج کرتا ہو کہ ایک بار الیکشن میں آجاؤ۔

Advertisement