اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سکیورٹی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی اور شرپسند عناصر کسی قیمت پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حالیہ دہشتگردی کی لہر کے تدارک کیلئے تمام وفاقی و صوبائی ادارے اپنے مابین تعاون بڑھائیں، وزیرِ اعظم نے وزیرِ داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا کو صوبوں سے تفصیلی مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جامع لائحہ عمل مرتب کر کے پیش کریں، صوبائی اپیکس کمیٹیاں اپنے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں، اداروں کے تعاون سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال پر آج اسلام آباد میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا
— PML(N) (@pmln_org) January 6, 2023
دھشتگرد اور شر پسند عناصر کسی قیمت پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے.
ہم وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے pic.twitter.com/xdHumZeEkm