اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل پر قائمہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔
نئی قائمہ کمیٹی حکومت اور آئی ٹی انڈسٹری کے درمیان ہم آہنگی، مسائل کے حل کیلئے کام کرے گی کمیٹی میں آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندگان، سٹیٹ بینک، وزارت خزانہ، وزارت آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شامل ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام اس حوالے سے مؤثر اقدامات کریں، اس موقع پر وزیراعظم نے آئی ٹی انڈسٹری کو اپنی برآمدی آمدن پاکستان لانے کی بھی ترغیب دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت زیادہ استعداد ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، آئی ٹی برآمدات کو اگلے تین سالوں میں 2.6 بلین امریکی ڈالرز سے 15 بلین امریکی ڈالرز تک بڑھانے کیلئے عملی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی نصاب کو آئی ٹی انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے، آئی ٹی انڈسٹری ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔