اقوام متحدہ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور پولیس وین پرحملے کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ہم نے ہیلتھ ورکرز پر حملے دیکھے ہیں، پاکستان اور دنیا کے دیگر مقامات پر بھی پولیو ورکرز پر حملے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ہمیں ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں آپ کے الفاظ ختم ہو جاتے ہیں لیکن ایسے افراد کو نشانہ بنانا اور ان پر حملہ کرنا قابل مذمت ہے جو انتہائی مشکل حالات میں کمیونٹیز میں جا رہے ہیں اور بچوں کی زندگیوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے جمعرات کے روز ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے موسیٰ زئی میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس وین پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا تھا جس کے بعد کوئیک رسپانس فورس نے موقع پر پہنچ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا، حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔