اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہاؤسنگ فراڈ میں نیب راولپنڈی کی سب سے بڑی ریکوری متنازعہ ہو گئی، فلمساز لکی علی نے پلی بارگین میں دی گئی رقم سے ایک ارب 40 کروڑ منافع سمیت واپس مانگ لیے۔
فلمساز لکی علی کا کہنا تھا کہ میرے ذمے کل واجبات 50 کروڑ کے تھے، نیب نے بلیک میلنگ، دباؤ سے ایک ارب 95 کروڑ لیے، میاں وسیم عرف لکی علی نے ڈی جی نیب راولپنڈی ، چئیرمین نیب کو رقم کی واپسی کے لیے درخواست دے دی، ساتھ ہی عدالت سے بھی رجوع کر لیا۔
واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے لکی علی سے 2020ء میں ایک ارب 95 کروڑ روپے پلی بارگین میں وصول کیے تھے۔
لکی علی کا کہنا ہے کہ نیب نے ایک ارب 95 کروڑ میں سے صرف 45 کروڑ متاثرین کو دیئے، نیب کے پاس باقی ایک ارب 40 کروڑ کی رقم اپنے پاس رکھنے کا کوئی جواز نہیں، نیب تفتیشی نے 8517 متاثرین کی من گھڑت فہرست تیار کر کے واجبات کا تعین کیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق نیب نے لکی علی کو رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ دیگر متاثرین کو رقوم دی جائیں گی۔