لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے سستے آٹے کا اعلان تو کیا لیکن سرکاری سکیم کے تحت ملنے والا آٹا مارکیٹ کی طلب سے کم ہے، شہری لمبی لمبی قطاروں میں لگ کر آٹا خریدنے کے لیے خوار ہونے لگے۔
بتایا گیا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت سستا آٹا مارکیٹ کی طلب سے کم فراہم ہو رہا ہے، شہر میں مختلف مقامات پر ٹرکوں میں سرکاری سکیم کا آٹا سپلائی کیا جا رہا ہے، مارکیٹ میں عام برانڈ اور کھلا آٹا من مانی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں ایک شناختی کارڈ پر ایک ہی آٹے کا تھیلا دیا جاتا ہے، دکانوں پر سرکاری سکیم کے تحت سستے آٹے کی فراہمی طلب کے مقابلے میں کم ہے، سرکاری سکیم کے تحت 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 648 روپے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1295 روپے مقرر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان حکومت کے گندم کے ذخائر ختم، 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا
مارکیٹ میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 1900 روپے سے زائد پر مل رہا ہے، کھلا سرخ آٹا 120 روپے اور سفید فائن آٹا 130 روپے فی کلو ہے، چکی آٹا 145 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت ملنے والا آٹا بہت تھوڑی مقدار میں فراہم کیا جاتا ہے، سکیم کے تحت ملنے والے آٹے کی کوالٹی بھی ناقص ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سستا بازار ن لیگ کی لوٹ مار کا بہانہ تھا، عوام کو ریلیف نہیں دیا، چودھری پرویز الٰہی
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی قیمت میں تیزی کے باعث آٹا بھی مہنگا ہوا ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم ساڑھے 4 ہزار روپے فی من تک بیچی جا رہی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔