لاہور سمیت صوبہ بھر میں آٹے کی کوئی قلت نہیں، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن

Published On 27 December,2022 08:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مقررہ کوٹے کی گندم کا آٹا مارکیٹ میں پہنچا رہے ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں آٹے کی کوئی قلت نہیں ہے۔

شہر میں آٹے کی سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے عاصم رضا نے کہا کہ گندم کی قیمت میں 100 روپے فی من کمی ہوئی جس سے اوپن مارکیٹ میں گندم کا ریٹ 4200 روپے فی 40 کلو گرام ہو گیا۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 4902 ٹن گندم لاہور کی فلور ملوں کو دی جا رہی ہے، شہر میں روزانہ ایک لاکھ 72 ہزار تھیلے شہر مارکیٹ میں جا رہے ہیں۔

عاصم رضا نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں اضافے کے باعث آٹے کی قیمت میں تیزی ہوئی، صوبائی و ضلعی وار گندم کی نقل و حمل پر پابندی ختم کرنے کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں کمی ہو گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال صوبہ بھر میں آٹے کی کوئی قلت نہیں، مافیا کی جانب سے پنجاب میں گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔