اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر منعقد ہونے والی عالمی ڈونر کانفرنس میں شرکت کیلئے جنیوا روانہ ہو گئے۔
وزیر اعظم کے ساتھ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب شامل ہیں، کانفرنس میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم 9 جنوری کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔
کانفرنس کے دوران پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک پیش کیا جائے گا اور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔
کانفرنس میں مختلف ممالک کے وزراء ، اعلیٰ سطحی نمائندے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فاؤنڈیشنز فنڈز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شرکت کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس سٹیک آؤٹ میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورہ جنیوا کے دوران مختلف سربراہان مملکت سے ملاقاتیں بھی کریں گے، گزشتہ روز وزیر اعظم نے اپنے کویتی ہم منصب کو فون کر کے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، اس سے قبل بھی چین سمیت مختلف ممالک کے سربراہان کو کانفرنس میں شرکت کی درخواست کر چکے ہیں۔
عالمی ڈونر کانفرنس میں موسمی اثرات کے باعث پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے نقصانات کی تفصیل سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا جائے گا، اس موقع پر عالمی رہنماؤں سے پاکستان میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے امداد کی اپیل کی جائے گی۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے عالمی کانفرنس میں وزیر اعظم کے بھائی میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی شریک ہوں گی، شہباز شریف کے جنیوا کے دورہ کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی بھی توقع ہے۔