جنیوا: (ویب ڈیسک) جنیوا میں ہونے والی ریزیلینٹ بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے مختلف ممالک اور مالیاتی اداروں کی جانب سے امداد کے اعلان کا سلسلہ جاری ہے۔
کانفرنس میں سب سے بڑی امداد کا اعلان اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کی جانب سے کیا گیا جنہوں کے پاکستان کیلئے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر دینے کا کہا ہے، اسلامی ترقیاتی بینک یہ رقم 3 سال میں پاکستان کو فراہم کرے گا، اس کے بعد ورلڈ بینک کی جانب سے 2 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا۔
کانفرنس میں برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی جانب سے 1 ارب ڈالر امداد دینے کا کہا گیا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی 1 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، امریکہ کی جانب سے 100 ملین ڈالر دینے کا کیا گیا ہے، چین کی طرف سے بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مزید 10 کروڑ ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جرمنی پاکستان کو مزید 88 ملین ڈالر فراہم کرے گا، یورپی یونین کی جانب سے بھی 93 ملین ڈالر کا اعلان ہوا ہے، جاپان بھی مزید 77 ملین ڈالرامداد دے گا، فرانسیسی صدر نے 10 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، آذربائیجان کی جانب سے 2 ملین ڈالر امداد کا وعدہ کیا گیا جبکہ انڈونیشیا بھی 1 ملین ڈالر دے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ جنیوا کانفرنس میں 10 اعشاریہ 57 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا ہے، پاکستان کو سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے مجموعی طور پر 16ارب 30 کروڑ ڈالر درکار ہیں۔